فائنل ٹی ٹونٹی پاکستان جیت گیا، سیریز جنوبی افریقا کے نام

Published on February 7, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 585)      No Comments

سنچورین: (یواین پی) پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے، جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان 141 رنز بنا سکی۔سنچورین میں کھیلے گئے تیسرے اور فائنل ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے بالاخر جیت اپنے نام کر لی ہے، پچھلے دو میچوں میں ناکامی کے بعد کرکٹ شائقین کو قومی ٹیم سے کم ہی امیدیں تھیں لیکن کھلاڑیوں نے کم بیک کیا اور شاندار فتح اپنے نام کی۔پروٹیز کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن قومی کھلاڑی یہ موقع گنوا بیٹھے اور جنوبی افریقا کو کوئی بڑا سکور دینے میں ناکام رہے۔پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کوئی بھی بلے باز نصف سنچری تو درکنار 30 کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکا۔ اوپننگ بلے باز بابر اعظم 23 جبکہ فخر زمان صرف 17 رنز بنا سکے۔دیگر بلے بازوں میں محمد رضوان نے 26، کپتان شعیب ملک 18، حسین طلعت 3، آصف علی 25، عماد وسیم 19، فہیم اشرف 4، محمد عامر صفر بنا سکے۔ نوجوان بلے باز شاداب خان نے جارحانہ اننگز کھیلی اور صرف 8 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 22 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ہینڈرکس نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور صرف 14 رنز دے کر پاکستان کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دیگر باؤلرز میں مورس نے 2 جبکہ سمپالا اور فیلوک وائیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کھلاڑی بھی آج کے میچ میں ناکام رہے۔ شاہین آفریدی نے پاکستان کو پہلے ہی اوور میں کامیابی دلائی جب ریزا ہینڈرکس پانچ رنز بنا کیچ دے بیٹھے۔ اس سے اگلے اوور میں ملان عماد وسیم کا شکار بنے اور 2 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ویںڈر دوسن 41 جبکہ مورس آخری اوور میں شاہین آفریدی کو لگاتار دو چھکے مارے اور 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ بلے باز رہے۔ پروٹیز کے دیگر بلے باز بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی طرح اچھا کھیل پیش نہ کر سکے۔ پاکستان نے 27 رنز سے فتح اپنے نام کی۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان اور فہیم اشرف کے حصے میں دو، دو جبکہ عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں دو، ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی جبکہ اس سے قبل پروٹیز نے پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog