پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر ہوگیا

Published on August 29, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 193)      No Comments

اولڈ ٹریفورڈ (یواین پی)پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر ہوگیا ہے ۔اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور عماد وسیم نے شروع میں ہی وکٹ لے کر عمدہ آغاز کیا۔انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئرسٹو اور بینٹن نے اوپننگ کی تاہم جارح مزاج بیئراسٹو کو عماد وسیم نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر آؤٹ کردیا۔شاہین شاہ آفریدی کے پہلے اور اننگز کے دوسرے اوور میں سلپ میں کھڑے افتخار احمد نے ٹام بینٹن کا کیچ بھی چھوڑا۔پاکستان کو دوسری وکٹ کے لیے بڑی کوشش کرنا پڑی اور ڈیوڈ ملان کو محمد حفیظ اور شاداب خان نے عمدہ فیلڈنگ کے ذریعے رن آؤٹ کردیا لیکن انگلینڈ کا سکور 74 رنز تک پہنچ گیا تھا۔ڈیوڈ ملان آوٹ ہونیوالے دوسرے بلے باز تھے، جنہوں نے 23 رنز بنائے، جس کے بعد انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن بیٹنگ کے لیے آئے اور بینٹن کے ساتھ مل کر سکور کو 109 رنز تک پہنچایا۔بینٹن نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، 118 کے اسکور پر مورگن 14 رنز بنا کر افتخار احمد کو وکٹ دے گئے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے معین علی اور گریگوری کو اسٹمپ آؤٹ کردیا اور انگلینڈ 123 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم ہوگیا۔ انگلینڈ نے 6 وکٹوں پر 131 رنز بنا لیے ہیں تاہم 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔سیم بلنگز 3 اور جارڈن 2 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ سیریز کے تمام میچز مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کے گراؤنڈ میں ہی کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی میچز کا ریکارڈ دیکھا جائے تو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 5 میچ کھیلے جاچکے ہیں، جن میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ میں کامیابی ملی اور ایک برابر ہوا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog