سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری

Published on May 7, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 80)      No Comments

کراچی(یو این پی )سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جو صبح 8 سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔کراچی، حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، شکار پور، گھوٹکی، خیر پور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمر کوٹ، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، جامشورو، دادو، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں 63 نشستوں پر امیدواروں کا چناؤ ہو رہا ہے۔کراچی کے ضلع غربی، وسطی، کورنگی، جنوبی اور کیماڑی کی 11 یونین کونسلوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔امیدواروں کے انتقال کے باعث ان نشستوں پر انتخابات نہیں ہو سکے تھے۔سندھ کے 24 اضلاع میں 449 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 292 انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 24 اضلاع میں کُل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 295 ہے۔کراچی کے ضلع وسطی میں نیو کراچی ٹاؤن کی 2 اور نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی 1 یوسی میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے، ضلع کورنگی، لانڈھی اور شاہ فیصل ٹاؤن کی ایک ایک یوسی پر بھی ضمنی انتخاب جاری ہے۔ضلع غربی میں اورنگی کی 2 اور مومن آباد کی 1 یوسی میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے جبکہ کیماڑی میں بلدیہ ٹاؤن کی یوسی نمبر 2 اور جنوبی میں لیاری ٹاؤن کی یو سی نمبر 2 میں پولنگ جاری ہے۔کراچی کے ضلع وسطی کی3 نشستوں پر 33، ضلع کورنگی کی 3 نشستوں پر 24 اور ضلع غربی کی 3 نشستوں پر41 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔شہرِ قائد کے ضلع کیماڑی کی یو سی 2 بلدیہ پر 9 اور ضلع جنوبی کی یو سی 2 لیاری پر 12 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔ضلع سینٹرل کی 3 یوسیز میں 80 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 44 حساس قرار دیے گئے ہیں اور یہاں مجموعی ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 25 ہزار 995 ہے۔ضلع کیماڑی کی یو سی 2 بلدیہ میں 14 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں اور تمام کو حساس قرار دیا گیا ہے، یہاں مجموعی ووٹرز کی تعداد 17 ہزار 796 ہے۔حیدر آباد میں ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسل کی نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے، نوشہرو فیروز، دادو اور ٹھٹھہ میں تین، تین نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔گھوٹکی، سکھر، خیر پور، بدین اور سجاول میں دو، دو نشستوں پر پولنگ ہورہی ہے جبکہ جیکب آباد، کشمور، شکار پور اور نواب شاہ میں ایک ایک نشست پر پولنگ جاری ہے۔سانگھڑ، مٹیاری، ٹنڈوالہٰیار اور جامشورو میں بھی ایک ایک نشست پر پولنگ ہو رہی ہے۔کراچی پولیس ترجمان کے مطابق بلدیاتی انتخابات سے متعلق سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، انتخابات کے لیے 172 پولنگ بلڈنگز بنائی گئی ہیں اور 302 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق کراچی پولیس کے 7 ہزار سے زائد اہلکار الیکشن سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 12 پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 10 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ترجمان کے مطابق پولنگ کی عمارتوں پر کیو آر ایف دستے تعینات ہیں اور باہر آر آر ایف پیٹرولنگ پر ہے، ہنگامی حالات و صورتحال سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس کے خصوصی دستے ترتیب دیے گئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ عوام کے جان و مال کا تحفظ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog