اسلام آباد(یواین پی) پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹھموتھی کین پی ایس ایل کے مداح نکلے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز نہایت شوق سے دیکھتا ہوں۔ قومی بلائنڈ ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں پاکستان بلا?نڈ کرکٹ کونسل کے چی?رمین سید سلطان شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا دونوں دنیا بھر میں کرکٹ کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں اور دونوں ممالک میں یہ کھیل بے حد مقبول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نے آسٹریلوی ٹیم کو شکست دی تھی جبکہ آسٹریلوی ٹیم ایک بار پھر پاکستان کے دورے پر آ رہی ہے۔ٹھموتھی کین نے ٹورنامنٹ میں شریک خصوصی بچیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچیاں ہماری حقیقی چیمپئن ہیں۔انہوں نے قومی بلائنڈ ویمن کرکٹ چیمپئن شپ جیتنے پر پنجاب ٹیم کو مبارکباد بھی دیتے ہوے کہا کہ آسٹریلوی ہائی کمیشن خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔تقریب کے اختتام پر آسٹریلوی ہائی کمشنر نے صدر پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سلطان شاہ کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔چیمپئن شپ کے فائنل میں پنجاب نے آزاد کشمیر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ ایونٹ میں پنجاب، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کی ٹیموں نے شرکت کی۔